لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 1 رن سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میں ملتان سلطانز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز پر ہمت ہار گئی۔
سلطانز کی جانب سے رائلی روسو 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان محمد رضوان 34، خوشدل شاہ 25، ٹِم ڈیوڈ 20، کیرون پولارڈ 19 اور عثمان خان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4، راشد خان نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویزے نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کیے، قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
فخر زمان 39 اور مرزا بیگ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی 15 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے دھواں دار 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 جبکہ انور علی، احسان اللہ اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
میچ کے اختتام پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی 15 گیندوں پر 44 رنز اور بالنگ میں 4 وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔