آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ایرون فنچ فائل فوٹو ایرون فنچ

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے احساس ہوا میں اگلے سال کے ٹی 20 ورلڈ کپ تک نہیں کھیل سکوں گا اور ریٹائر ہونے کا یہی درست وقت ہے تاکہ ٹیم کے مستقبل کی تیاری ہو سکے۔

آسٹریلیا نے پہلی بار 2021 میں ایرون فنچ کی کپتانی میں متحدہ عرب امارات میں ٹی 20 ورلڈکپ جیتا تھا لیکن وہ گزشتہ سال اپنے ہی ملک میں ہونے والے ورلڈکپ میں ناکام ہوئے۔

ایرون فنچ نے 5 ٹیسٹ، 146 ایک روزہ میچز اور 103 ٹی 20 بین الاقوامی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی، انہوں نے مجموعی طور پر 8 ہزار 804 رنز بنائے اور ان کے انٹرنیشنل کیریئر میں 17 ایک روزہ اور 2 ٹی 20 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

فنچ نے 76 ٹی 20 اور 55 ایک روزہ میچز میں آسٹریلیا کی کپتانی بھی کی جبکہ وہ گزشتہ سال ستمبر میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔

install suchtv android app on google app store