بھارت نے زمبابوے کو 71 رنز سے شکست دے دی

بھارت نے زمبابوے کو 71 رنز سے شکست دے دی فائل فوٹو بھارت نے زمبابوے کو 71 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں بھارت نے زمبابوے کو 71 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 115 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

زمبابوے کی جانب سے ریان برل 35 اور آل راؤنڈر سکندر رضا 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ان دونوں بلے بازروں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بھارتی باؤلرز کے سامنے ٹک نہ سکا، زمبابوے کے 6 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے اور پوری ٹیم صرف 115 رنز ہی بناسکی۔

بھارت کی جانب سے اسپنر روی چندرن ایوشن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد شامی اور ہاردک پانڈیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ان کے علاوہ ارشدیپ سنگھ، بھونیشور کمار اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز سوریا کمار یادیو نے 25 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ اوپنر کے ایل راہول 51، ویرات کوہلی 26، ہاردک پانڈیا 18 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ کپتان روہت شرما نے 15 اور رشپ پانٹ نے 3 رنز بنائے۔

اس طرح بھارت نے بیس اوورز میں 5 وکٹوں کی جانب سے 186 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا۔

زمبابوے کی جانب سے شان ولیمز نے 2 بھارتی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ رچرڈ نگاراوا، بلیسنگ موزاربانی اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کی جانب سے 25 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلنے پر سوریا کمار یادیو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ گروپ 2 سے بھارت سیمی فائنل کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کرچکا تھا۔

خیال رہےکہ آج ٹی 20 ورلڈکپ کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو شکست دےکر ٹی 20 ورلڈکپ سے باہرکردیا جس کے بعد پاکستان نے بنگلادیش کو اہم میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

بھارت کی فتح کے ساتھ ہی یہ بات بھی واضح ہوگئی ہے کہ سیمی فائنل میں کونسی ٹیم کس ٹیم کے مد مقابل ہوگی۔

پہلاسیمی فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 9 نومبر بروز بدھ کو سڈنی میں کھیلا جائےگا۔

دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں 10 نومبر بروز جمعرات کو ایڈیلیڈ میں مد مقابل ہوں گی۔

install suchtv android app on google app store