کامن ویلتھ گیمز کے بعد 2 پاکستانی باکسر غائب

کامن ویلتھ گیمز فائل فوٹو کامن ویلتھ گیمز

دولت مشترکہ گیمز میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ دو قومی باکسر گیمز کے اختتام کے بعد برطانیہ میں غائب ہوگئے۔

پاکستا باکسنگ فیڈرشن نے 2 پاکستانی باکسروں کے اچانک غائب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں باکسر برمنگھم میں غائب ہوگئے ہیں اور فیڈریشن ان کو تلاش کر رہی ہے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے مطابق 63 کے جی کے سلیمان بلوچ اور لائٹ ہیوی ویٹ باکسر نذیراللہ گیمز کے بعد اچانک غائب ہوگئے ہیں جبکہ دونوں باکسروں کے سفری دستاویزات باکسنگ فیڈریشن کے حکام کے پاس ہیں۔

شیڈول کے مطابق پاکستانی باکسنگ ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی۔

سیکریٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن ناصر ٹنگ نے بتایا کہ دونوں باکسر آخری دو گھنٹوں میں لاپتہ ہوئے ہیں تاہم ایس او پیز کے تحت تمام سفری دستاویزات ضبط کرلی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت اور پولیس کو اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور دونوں باکسروں کا جلد پتا لگائیں گے۔

پاکستان اولمپک ایسوس ایشن (پی او اے) نے معاملے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

خیال رہے برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقدہ 12 روزہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے 2 طلائی تمغے جیتے، ویٹ لفٹنگ میں نوح دستگیر بٹ اور جیولن تھرو میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل حاصل کیے، اس کے علاوہ قومی ایتھلیٹس نے 3 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے بھی حاصل کیے۔

اختتامی تقریب میں کامن ویلتھ گیمز 2026 کی میزبانی باضابطہ طور پر آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کے حوالے کردی گئی۔

install suchtv android app on google app store