ورنن فلینڈر کا پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار اردو زبان میں کیا

ورنن فلینڈر اور بابر اعظم فائل فوٹو ورنن فلینڈر اور بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کو الوداع کہہ کر اپنے ملک جنوبی افریقا لوٹ جانے والے ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار اردو زبان میں کیا ہے۔

فلینڈر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل لاہور سے شروع ہونے والا میرا پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ گزرا دو ماہ کا عرصہ نہایت شاندار رہا، اس دوران تمام کھلاڑیوں نے بہترین رسپانس دیا اور ٹیم منیجمنٹ نے میری بہت حوصلہ افزائی کی، آپ سب کی محبت کا شکریہ۔‘

خیال رہے کہ بنگلادیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فیلنڈر کی قومی کرکٹرز کے ساتھ الوداعی بیٹھک ہوئی تھی جس میں فلینڈر کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہیں بھرپور انداز سے خیر باد کہا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق نے اس موقع پر ٹیم کی پرفارمنس میں فلینڈر کے کردار پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ فلینڈر نے 15 اکتوبر کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے ذرا پہلے ہمیں جوائن کیا اور آج 29 نومبر ہے اور یہ ہمیں چھوڑ کر جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ ورنن فلینڈر کو پہلے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر یکم دسمبر کو روانہ ہونا تھا لیکن جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون سامنے آنے اور مختلف ممالک کی جانب سے جنوبی افریقا پر سفری پابندیاں عائد کیے جانے کی وجہ سے فلینڈر جلدی روانہ ہورہے ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل مصباح الحق اور وقار یونس کے اچانک مستعفی ہوجانے پر پی سی بی نے عارضی طور پر ثقلین مشتاق کو کوچ، میتھیو ہیڈن کو بیٹنگ اور فلینڈر کو بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا۔

اب پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے مستقل کوچ کی تلاش میں ہے۔

install suchtv android app on google app store