حلقہ این اے 249 پر ضمنی انتخاب، پی ٹی آئی کی ایم کیو ایم سے امیدوار دستبردار کرنے کی درخواست

پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم فائل فوٹو پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم

شہر قائد کے حلقے این اے 249 پر ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم سے امیدوار دستبردار کرنے کی درخواست کردی۔

تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ہوئی، ایم کیو ایم وفد کی قیادت کنور نوید جمیل جبکہ پی ٹی آئی وفد کی قیادت خرم شیر زمان نے کی، ملاقات میں سیاسی صورت حال، ضمنی انتخاب پر گفتگو کی گئی۔

پی ٹی آئی نے این اے 249 پر ایم کیو ایم سے امیدوار دستبردار کرنے کی درخواست کی۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم اتحادی ہیں چاہتے ہیں مل کر الیکشن لڑیں، اتحاد سے الیکشن میں حصہ لیں گے تو اپوزیشن کو شکست دے سکتے ہیں۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام مسائل سندھ حکومت کے ساتھ جڑے ہیں، کراچی کو پیپلزپارٹی نے نقصان پہنچایا ہے، ایم کیو ایم سے درخواست ہے پی ٹی آئی امیدوار کو سپورٹ کریں، امید ہے ایم کیو ایم ہماری بات مان جائے گی۔

دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی درخواست رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھیں گے، مذکورہ حلقے میں ہمارا امیدوار بھی حصہ لے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہماری گزارشات کو جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے، ان کے سامنے کوئی نئے مطالبے نہیں رکھے، چاہتے ہیں آئندہ الیکشن سے قبل مردم شماری ہوجائے، وزیراعظم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مقامی سطح پر سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 55 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے اور 25 مارچ تک اس کی جانچ پڑتال جاری رہے گی، ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 مارچ ہے، جب کہ اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل کے فیصلوں کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر کی گئی ہے۔

کاغذات نامزدگی 7 اپریل تک واپس لیے جا سکتے ہیں، امیدواروں کو انتخابی نشان 8 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے، جب کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 29 اپریل کو ہوگی۔

install suchtv android app on google app store