شہرِ قائد کے مسائل حل کرنے کیلئے مخالف سیاسی جماعتیں ایک ہو گئیں، اہم خبر آگئی

اسد عمر، میئر کراچی وسیم اختر، اسد عمر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ فائل فوٹو اسد عمر، میئر کراچی وسیم اختر، اسد عمر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

شہر قائد کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کی شدید مخالف سیاسی جماعتیں ایک ہو گئیں۔

کراچی کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ایک پیج پر آ گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کراچی کی بحالی، معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تینوں جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کرنے، مشترکہ حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنے اور ساتھ چلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

کراچی میں لگنے والی بڑی بیٹھک میں تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، اور میئر کراچی وسیم اختر شامل تھے، پی ٹی آئی کی طرف سے وفاقی وزیر علی زیدی اور اسد عمر نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی کی ترقی، نئے ترقیاتی منصوبوں، پانی، سیوریج، ٹرانسپورٹیشن، نالوں کی صفائی، انفرا اسٹرکچر کی بحالی، انکروچمنٹ کے خاتمے سمیت دیگر امور پر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی کی ترقی کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز بھی سامنے رکھیں، ذرائع کے مطابق تینوں جماعتوں نے شہر اور عوام کے مفاد میں مستقبل میں صلاح مشورے جاری رکھنے اور مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے اور کراچی کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے شہر کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا، شرکا نے کراچی میں نالوں کی صفائی پر این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کی کارکردگی کو سراہا، جب کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی، ذرایع کے مطابق ملاقات میں مقامی حکومتوں کو با اختیار بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

کراچی میں ہونے والی اس اہم ترین ملاقات کے دوران تمام پیش رفت سے وزیر اعظم عمران خان کو بھی آگاہ کیا جاتا رہا۔

install suchtv android app on google app store