شہر قائد میں ایک اور عمارت شہریوں کے لیے خطرہ بن گئی

شہر قائد میں ایک اور عمارت شہریوں کے لیے خطرہ بن گئی فائل فوٹو شہر قائد میں ایک اور عمارت شہریوں کے لیے خطرہ بن گئی

نارتھ ناظم آباد کوثر نیازی کالونی میں واقع رہائشی عمارت ایک طرف جھک گئی، میئر کراچی کی ہدایت پر عمارت کو خالی کرا لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ایک اور رہائشی عمارت شہریوں کےلیے خطرہ بن گئی، نارتھ ناظم آباد کوثر نیازی کالونی میں 4 منزلہ رہائشی عمارت نے اپنی جگہ چھوڑ دی۔

عمارت کے ایک طرف جھکنے کے بعد پولیس، رینجرز، بلدیاتی نمائندے اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر عمارت کو گھیرے میں لے لیا ہے، ریسکیو اہلکاروں نے میئر کراچی کے حکم پر عمارت میں رہائش پذیر افراد کو نکالنا شروع کردیا ہے۔
میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ عمارت ایک جانب جھکنے سے کسی بھی وقت گرسکتی ہے، فائربریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، عمارت گرنے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایس بی سی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ مکینوں نے عمارت میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس پر رینجرز اور پولیس نے عمارت کو حصار میں لے لیا اور مکینوں کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش پر رینجرز نے صورتحال کنٹرول کی۔

ذرائع کے مطابق صبح 6 بجے بلڈنگ کو گرانے کیلئے آپریشن شروع کیا جائے گا، متاثرہ بلڈنگ 60 گز پر غیر قانونی طریقے سے بنائی گئی ہے جبکہ کئی سال پہلے بلڈنگ کی جگہ کچرا کنڈی ہوا کرتی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کچی آبادی نے جعلی لیز دے کر بلڈنگ تعمیر کرنے کی اجازت دی تھی، مالک حنیف نامی شخص ہے جس نے بلڈنگ کرائے پر دی ہوئی تھی اور 60 گز کی جگہ پر پانچ دکانیں اور تین فلورز قائم کیے ہوئے تھے جبکہ ان تین فلورز پر آٹھ فلیٹ بنے ہوئے تھے۔

ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد کے بعد لیاقت آباد میں بھی عمارت نے اپنی جگہ چھوڑ دی، 4 منزلہ عمارت کو خالی کرالیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں دراڑیں پڑگئی ہیں،پلرز کے جگہ چھوڑنے عمارت ایک جانب جھک گئی۔

 

install suchtv android app on google app store