کراچی میں آئل ٹینکر الٹ گیا، شہریوں کی بڑی تعداد تیل جمع کرنے میں مصروف

کراچی میں آئل ٹینکر الٹ گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد تیل جمع کرنے میں مصروف ہے فائل فوٹو کراچی میں آئل ٹینکر الٹ گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد تیل جمع کرنے میں مصروف ہے

کراچی کے علاقے قائد آباد میں آئل ٹینکر الٹ گیا ، شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر بہتا ہوا تیل جمع کرنے کے لیے پہنچ گئی، بہتا ہوا تیل کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

تفصیلا ت کےمطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں حادثے کے سبب آئل ٹینکر کو الٹے آٹھ گھنٹے سے زائد وقت گزر چکا ہے ، تاہم انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔

آئل ٹینکر الٹنے کے بعد حسبِ معمول شہریوں کی ایک بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور کنستروں میں تیل بھرنے میں مصروف ہے، شہریوں کا یہ نامناسب عمل کسی بھی وقت بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل جمع کرنے والوں میں بڑی تعداد عام افراد کے بجائے کسی منظم مافیہ کے کارندوں کی ہے ، جو تیل کو باقاعدہ کنستروں میں بھر کر سوزوکی پک اپ میں لوڈ کرکے لے جارہے ہیں۔

تاحال انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کے کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے ہیں اور آٹھ گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹینکر کو ہٹایا نہیں گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑا ہے۔

جائے وقوعہ پر پولیس کا عملہ موجود ہے لیکن شہریوں کی کثیر تعداد کے سبب ان کی جانب سے محض زبانی وارننگز پر ہی اکتفا کیا گیا اور شہریوں کو وہاں سے منتشر کرنے کے لیے عملی اقدامات کے بجائے پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ آج سے دو سال قبل پنجاب کے شہر بہاولپور کے علاقے احمدپورشرقیہ میں ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والے ٹینکر سے بہتے آئل میں آگ لگ گئی تھی ُ جس کے نتیجے میں موقع پر 170 افراد جاں بحق اور140 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والے ٹینکر کا ڈرائیور بھی دورانِ علاج چل بسا تھا۔

حیرت انگیز طور پر ماضی قریب میں اتنا بڑا سانحہ ہونے کے باوجود بھی شہریوں نے ہوش کے ناخن نہیں لیے ہیں اور چند پیسوں کے لیے اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر تیل بھرنے میں مصروف ہیں۔

install suchtv android app on google app store