دو دریا قتل کیس: گواہان نے دو ملزمان کو شناخت کرلیا

گواہان نے دو ملزمان کو شناخت کرلیا فائل فوٹو گواہان نے دو ملزمان کو شناخت کرلیا

دو دریا قتل کیس میں تین گواہان نے مرکزی ملزم خاور برنی اور شریک ملزم عبدالرحمٰن کو شناخت کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو پولیس نے پانچ ملزمان خاور برنی، عبدالرحمٰن، حسن برنی، حیدر حسین برنی اور رضا برنی کو شناخت پریڈ کے لیے پیش کیا۔

عدالت کے روبرو استغاثہ کے تین گواہان نے خاور برنی اور عبدالرحمٰن کو شناخت کیا۔

گواہان کے مطابق ملزم عبدالرحمٰن وقوع والے دن مرکزی ملزم خاور برنی کے ہمراہ تھا، عبدالرحمٰن نے گاڑی کے شیشے توڑے اور اسلحہ بھی استعمال کیا۔

گواہان نے ملزم رضا برنی، حسن برنی اور حیدر حسین برنی کو شناخت کرنے سے انکار کیا۔

تاہم کیس کے تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان حسنین حسین برنی، حارث حسین برنی، دانش، حماد، نعمان، عمر پِروانی اور خاتون مہک کے ساتھ ان تینوں کو بھی شریک ملزم قرار دیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ فائرنگ میں استعمال ہونے اسلحے میں عبدالرحمٰن کا اسلحہ بھی شامل تھا۔

دوسری جانب سیشن جج نے تفتیشی افسر کی درخواست پر ملزم خاور برنی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

درخواست میں تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملزم سے تاحال تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے اور اس کی نشاندہی پر مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔

واضح رہے کہ 12 دسمبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزم خاور برنی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کیا تھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف تفتیشی افسر نے سیشن جج سے رجوع کیا۔

سیشن جج نے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزم کی شناخت پریڈ اور جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے علاقے دو دریا میں نامعلوم ملزمان نے معمولی حادثے کے بعد ایک نوجوان کو گولی مار ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا تھا۔

سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کلفٹن ڈاکٹر اسد مالہی کا کہنا تھا کہ مرسیڈیز پر سوار دو نوجوان ساحل میں ناشتے کے لیے جارہے تھے کہ ایک معمولی حادثہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ڈبل کیبن گاڑی پر سوار ملزمان نے کار پر اندھادھند فائرنگ شروع کی۔

ایس پی کے مطابق کہ فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے 18 سالہ ظافر کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے زخمی کی شناخت 20 سالہ زید کے نام سے ہوئی جنھیں ہاتھ میں گولی لگنے سے زخم آئے ہیں تاہم انھیں طبی امداد دی جارہی ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

install suchtv android app on google app store