’اپنا گھر اسکیم‘ کے تحت اب تک 100 ارب روپے سے زائد کے گھریلو قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف فائل فوٹو وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’اپنا گھر اسکیم‘ کے تحت اب تک 100 ارب روپے سے زائد کے گھریلو قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں جب کہ مزید 500 ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔ حکومت نے اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

قرضوں کی تقسیم کا سنگِ میل عبور ہونے کی مناسبت سے پیر کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ساڑھے چھ ماہ میں تقریباً 18 ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپریل 2026 میں اس منصوبے کا آغاز کیا تھا اورنومبر 2026 تک 112 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ساڑھے چھ مہینے میں ہم نے 100 ارب تقسیم کیے ہیں تو اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے تقسیم کیے جانے کی تقریب ہونی چاہیے اور اس میں جو بھی رکاوٹیں ہیں انہیں مل کر ختم کریں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بقول اس پروگرام پر میرٹ کے مطابق، بغیر کسی کرپشن، اقربا پروری اور سیاسی مداخلت کے عمل درآمد کیا گیا۔ ان کے بقول کسی درخواست گزار سے اس کی سیاسی وابستگی نہیں پوچھی گئی اور اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اگر میرٹ پر پورا اترتے ہیں تو انہیں قرضے ملنے چاہئیں۔

شہباز شریف نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ قرضوں کی منظوری کا عمل تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہونی چاہیے اور تمام رکاوٹیں مشاورت سے دور کی جانی چاہئیں۔

اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ’اپنا گھر پروگرام‘ میں تعمیر کیے جانے والے گھروں کی کوئی حد مقرر نہیں۔ حکومت زیادہ سے زیادہ کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو رہائش کی فراہمی میں معاونت کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کے لیے معیاری رہائش بنیادی ضرورت ہے، بڑے اور پرتعیش مکان عموماً امیر لوگ چاہتے ہیں۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے یہ اعلان بھی کیا کہ پروگرام میں شریک پانچ بینکوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے اور یہ فیصلہ بینکوں کے مالکان اور چیف ایگزیکٹو افسران پر چھوڑا گیا ہے کہ وہ کسے دیے جائیں۔ ان کے بقول بینک اس اقدام میں خصوصی سفیر کا کردار ادا کریں گے۔

وزیرِ اعظم نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، حکومت اور بلڈرز کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تاکہ سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اس پر عمل درآمد کیا جا سکے۔

install suchtv android app on google app store