بلدیاتی معاہدہ: ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان معاملات تعطل کا شکار

 بلدیاتی معاہدہ: ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان ڈیڈلاک فائل فوٹو بلدیاتی معاہدہ: ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان ڈیڈلاک

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پیپلزپارٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کا معاملہ لٹک گیا، بلدیاتی معاہدے پر تاحال کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز قبل ہونے والی رہنماؤں کی ملاقات میں بلدیاتی قانون میں ترامیم پر دونوں جماعتوں کا اتفاق ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ترامیم کے حوالے سے آج پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان بات چیت کا اگلا مرحلہ ہونا تھا لیکن آج بھی اس معاملے پر پیش رفت نہ ہوسکی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت سے نکلنے کے علاوہ اور دیگر آپشنز پر بھی غور کرنا شروع کردیا ہے۔

اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اپنے تمام سینیٹرز، ایم این ایز اور اراکین صوبائی اسمبلی کو ہنگامی طور پر اتوار کو کراچی طلب کیا ہوا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کل بروز اتوار کو ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد دفتر میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں ان آپشنز پر رائے اور اہم فیصلے متوقع ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان ہونے والا معاہدہ کئی معاملات پر تعطل کا شکار ہے اور گزشتہ روز اس معاہدے کے حوالے سے گزشتہ روز دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی دو ملاقاتوں میں بھی اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

install suchtv android app on google app store