ایم کیو ایم کے ساتھ طویل مدتی پارٹنر شپ قائم رکھنا چاہتے ہیں: خواجہ سعد رفیق

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی  ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں میڈیا ٹاک فائل فوٹو وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں میڈیا ٹاک

وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے بڑے اسمارٹ اور پڑھے لکھے لوگ ہیں، ان سے صرف سیاسی نہیں بلکہ دوستانہ و برادرانہ تعلقات ہیں، ایم کیو ایم کے ساتھ طویل مدتی پارٹنر شپ قائم رکھنا چاہتے ہیں، اگر ہم ایک دوسرے کے دست و بازو بن جائیں تو سندھ اور ملک کی بہتری ہوگی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے یہ بات ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،عامر خان، وسیم اختر، امین الحق اور کشور زہرہ سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

قبل ازیں خواجہ سعد رفیق کی قیادت میں جب (ن) لیگ کا ایک وفد ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچا تو سینئر ڈپٹی کنوینئر ایم کیو عامر خان، ڈپٹی کنوینئروسیم اختر اور وفاقی وزیر امین الحق نے استقبال کیا۔

ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حیدرآباد اور سکھر ایئرپورٹس کی بحالی پر بھی کام جلد شروع ہوگا، حیدرآباد پاکستان و سندھ کا اہم ترین شہر ہے، سکھر کو جلد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنا دیا جائے گا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ماضی میں تلخیاں ہوئیں لیکن تعلقات خراب نہیں ہوئے، بہت سے مذاکرات ایسے تھے جو میڈیا کی نظر میں نہیں آئے، ملاقات میں رابطہ کمیٹی بنانے کی بات ہوئی جو ہمیں قبول ہے، اس حوالے سے وزیراعظم سے بات کروں گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور اورنج ٹرین کا پاکستان ریلوے سے کوئی تعلق نہیں ہے، پوری دنیا میں نیشنل ریلوے اور میٹرو ٹرین کے علیحدہ علیحدہ کام ہوتے ہیں، کراچی سرکلر ریلوے ایک مشکل کام ہے، سرکلر ریلوے کے متاثرین کو ایک بہتر متبادل ملنا چاہیے۔

وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سرکلر ریلوے کا منصوبہ سی پیک پروجیکٹ کا حصہ ہے،

ایم ایل 1 بھی کراچی سے شروع ہونی ہے، کوشش ہے کہ کراچی سے روہڑی تک فیز 1 مکمل ہو، ایم ایل ون پر کام جاری ہے۔

 اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وفاق میں (ن) لیگ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کی رو سے مشاورت کے دور چلتے رہتے ہیں۔

عامر خان نے کہا کہ ن لیگ اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان مذاکرات جاری رہیں گے، کراچی سرکلر ریلوے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

install suchtv android app on google app store