مسلم لیگ (ق) کا اختلافات وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ

 اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی فائل فوٹو اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) نے دونوں جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو وزیرِاعظم عمران خان کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمام بزدار نے دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات کو بہتر کرنے اور چوہدری برادران کو منانے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام ہوگئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سیکریٹری اطلاعات کامل علی آغا کا کہنا ہے  کہ مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے درمیان اختلافات موجود ہیں، جن میں بدستور اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ اختلافات اس لیے بڑھ رہے ہیں کیونکہ ان کی جماعت کو حکومتی معاملات کے دوران مشاورتی عمل سے دور کیا جارہا ہے۔

کامل علی آغا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی پارٹی نے اپنے اختلافات کو وزیرِاعظم عمران خان کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور مسلم لیگ (ق) کے وفد کی وزیرِ اعظم سے ملاقات کے بعد ہی دونوں جماعتوں کے اتحاد کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جمعہ کو اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا تھا۔

اس سے قبل پنجاب کابینہ کے مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے رکن حافظ عمار یاسر نے ان کے سرکاری کام میں تحریک انصاف کے وزرا کی بے جا مداخلت پر اپنی پارٹی کو استعفیٰ پیش کردیا تھا۔

اس معاملے میں وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار نے چوہدری پرویز الٰہی سے بات چیت کی تھی اور ان کی جماعت کے رکن کو استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی، تاہم وزیراعلیٰ اپنے حلیف کو منانے میں ناکام رہے۔

کامل علی آغا نے بتایا کہ انہوں نے ملکی مفاد میں تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ الحاق کیا تھا، لیکن ہمیں فیصلہ سازی کے دوران اعتماد میں نہیں لیا جارہا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے قانون سازوں کو اپنے حلقے کے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے شکوہ کیا کہ تحریک انصاف کی جانب سے وعدہ کیا گیا تھا کہ وہ ہمیں پنجاب اور مرکز میں ایک ایک وزارت دیں گے، تاہم ان کی جانب سے وعدہ وفا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اتحادی کی حیثیت سے عزت و اہمیت نہیں دی جارہی، ہم نے ماضی میں بھی اتحاد کیے تھے لیکن اس وقت بھی ایسا امتیازی سلوک دیکھنے کو نہیں ملا جیسا کہ اس حکومت کے دوران مل رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store