الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 3 ستمبر کے بعد ہونے والے تمام تقرر وتبادلے معطل کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے آئی جی پنجاب کی تعیناتی سمیت 3 ستمبر کے بعد ہونے والے تمام تقرر وتبادلے معطل کرتے ہوئے دو روز میں متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واضح احکامات پر عمل کیوں نہیں کیا گیا؟
خیال رہے کہ آج سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے امجد جاوید سلیمی کو انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، امجد جاوید سلیمی اس وقت کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی تعینات ہیں۔
امجد جاوید سلیمی نے یکم نومبر 1986ء کو بطور اے ایس پی پولیس سروس جوائن کی، ان کی سب سے پہلی تعیناتی اے ایس پی اوگی ضلع مانسہرہ تھی۔ ایس پی کے طور پر انہوں نے اے آئی جی ٹریننگ اور گوجرانوالہ اور میانوالی کے ڈی پی اوز کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اقوام متحدہ کے امن مشن پر بوسنیا میں ڈیڑھ سال تعینات رہے۔
اقوام متحدہ امن مشن سے واپسی پر ڈی پی او ساہیوال اور سیالکوٹ رہے جس کے بعد ان کی تعیناتی اسپیشل برانچ پنجاب میں ہوگئی۔ پھر ان کا تبادلہ بلوچستان ہوا جہاں وہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور سی سی پی او کوئٹہ رہے۔
بلوچستان سے پھر پنجاب تبادلہ ہوا اور وہ ڈی پی او جھنگ، اے آئی جی فائنانس پنجاب، ڈی آئی جی ایلیٹ پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی او ساہیوال، آر پی او سرگودھا، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، آر پی او ملتان اور ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ ہائی ویز رہے۔