وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ’کرپشن کا الزام‘ لگانے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کردیا۔ چوہدری سالک حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تمہیں عدالت میں گھسیٹوں گی‘پنجاب میں ایک پیسہ بھی کرپشن کی نذر ہوا تو مریم نواز اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابدہ ہے۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک نےنجی ٹی وی کو انتڑویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں روزسن رہا ہوں جس میں صداقت بھی ہےاوراب توکرپشن کی فائلیں نہیں الماریاں بھرگئی ہیں،یہ کہانیاں نوٹ بھی ہورہی ہیں‘۔
دوران انٹرویو انہوں نے مزید کہا کہ ’جہازکا ذاتی استعمال نہیں ہوناچاہیےاورسرکاری استعمال کابھی بتائیں، دوروں سےملک میں کتنی سرمایہ کاری آئی؟پنجاب کا سارا بجٹ لاہور جاتا ہے ، پھر ان کی مرضی ہے کہ کیسے تقسیم کریں ۔
مریم نواز نے آج اٹک کی کامسیٹس یونیورسٹی میں طلبہ میں اسکالر شپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں چوہدری سالک حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تمہیں عدالت میں گھسیٹوں گی‘پنجاب میں ایک پیسہ بھی کرپشن کی نذر ہوا تو مریم نواز اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابدہ ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ’جھوٹے الزامات مت لگائو، ثبوت ہے تو سامنے لائو‘ جو گجرات میرے حوالے ہوا تھا وہاں بارش ہو جائے تو وہاں ہر طرف پانی کھڑا ہو جاتا تھا۔تکلیف اس بات کی ہے کہ ڈی سی گجرات ہماری مرضی کا کیوں نہیں لگا؟میں افسران کی تعیناتی میں 100 فیصد میرٹ پر عمل کرتی ہوں، جو سفارش سے آتا ہے وہ عوام اور ملک کا بیڑہ غرق کرتا ہے۔میں مسئلے ’گنوانے‘ والی نہیں بلکہ حل نکالنے والی وزیر اعلیٰ ہوں۔
خیبر پختونخوا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جہاں پنجاب کا بارڈر ختم ہوتا ہے وہاں ترقی بھی ختم ہو جاتی ہے ‘۔ میں نے 3 سال میں لوگوں کی مثالی خدمت کی۔جو لوگ میرے گرنے کے منتظر تھے آج ترقی دیکھ کر پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے یہ سب اے آئی ہے، تنقید سے گھبرانا نہیں بلکہ مشکل حالات میں حوصلہ برقرار رکھنا چاہئے، میرے لیے سب سے بڑا سرمایا عوام کی محبت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اٹک کے ہونہار طلبا کی محنت پر فخر ہے،ایک ماں کی طرح آج میرا سر فخر سے بلند ہے، ہونہار اسکالر شپ پروگرام میرٹ پر ہزاروں طلبہ کاسہارا بن رہاہے،نوجوان ہمارا مستقبل اور قوم کاسرمایا ہیں،یہاں کے بچے پورے پنجاب کے بچوں کو پیچھے چھوڑ گئے۔
مریم نواز نے طلبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طورپر بھڑکانے کے باوجود آپ نے تعلیم کاراستہ نہیں چھوڑا ،آج اٹک میں نوجوانوں کاجم غفیر ہے جو کل کو پاکستان کی تقدیر لکھیں گے،طلبہ کی تعلیم پرحکومتی خرچ بہترین سرمایا کاری ہے۔
بیٹیوں کو آگے بڑھتا دیکھ کر سب سے زیادہ خوشی ہوتی ہے،سفارش کلچر ختم کرکے میرٹ کو فروغ دیا، لیپ ٹاپ سے فری لانسنگ اور جدید تحقیق میں مدد ملے گی، طلبہ گرین بسوں میں مفت سفر کرتے ہیں انہیں ای بائیکس بھی فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام ڈویژنز میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں،ہم ڈگری کے ساتھ ہنر اور روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں، آپ محنت کریں، فیس اور وسائل کی فکر حکومت کرے گی۔عوام مجھے اپنا سمجھتے ہیں، اسی لیے محبت کرتے ہیں،بچوں کے پاس جاتی ہوں تو وہ گلے لگ کر رونے لگتے ہیں۔
بعدازاں مریم نواز نے طلبہ میں اسکالر شپس اور لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے ۔