وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گورنمنٹ ساملی سینیٹوریم اسپتال کے کارڈیک وارڈ کا نام سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے منسوب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری آفس کے مطابق یہ ہدایت وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے حالیہ دورہ مری کے دوران دی تھی۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سے 9 جولائی کو تحریری ہدایت جاری کی گئی جس کے بعد اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر قیصر عباسی نے فوری عمل کرتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب کو خط ارسال کر دیا۔
خط میں وارڈ کا نام نواز شریف سے منسوب کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔
ڈاکٹر قیصر عباسی نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس کی ہدایت پر فوری طور پر محکمہ صحت کو خط لکھا گیا تاکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔