ملکہ کوہسار مری میں برفباری، سیاح خاندان سمیت گاڑیوں میں محصور

ملکہ کوہسار مری میں برفباری، سیاح خاندان سمیت گاڑیوں میں محصور فائل فوٹو ملکہ کوہسار مری میں برفباری، سیاح خاندان سمیت گاڑیوں میں محصور

ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری کے باعث مری ایکسپریس وے سمیت کئی شاہراہوں پر پھسلن کے باعث کئی گاڑیاں پھنس گئیں، مری کی سیر کو جانے والے کئی خاندان بچوں سمیت گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، رش کے باعث اسلام آباد سے مری کے لیے سیاحوں کا داخلہ بھی روک دیا گیا ہے۔

مری ایکسپریس وے ڈنہ کے مقام پر برف باری سے پھسلن اور ٹریفک جام سے سیاح انتہائی مشکلات سے دو چار ہیں۔

گزشتہ کئی گھنٹوں سے سیاح اور راولپنڈی سے مظفر آباد جانے والی کوسٹر بھی برف باری کے باعث ڈنہ ایکسپریس وے پر پھنسے ہوئے ہیں، کوسٹر میں بچے اور خواتین بھی موجود ہیں۔

سری نگر ہائی وے پر لوئر ٹوپہ سے سحر بگلہ تک بھی ٹریفک جام ہے، سیاحوں نے انتظامیہ سے مری ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر ہنگامی اقدامات کی اپیل کی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے سترہ میل سے مری کے لیے سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا ہے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ فیصلہ مری انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ مری میں پہلے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے، مری میں رش کم ہونے پر سیاحوں کو داخلے کی اجازت دے دی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store