لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے ہیں اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ہیں اور حد نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے کئی شہروں میں موٹر ویز مختلف مقامات پر بند کر دی گئی ہیں۔
لاہور، اسلام آباد موٹر وے کو شیخوپورہ سے بابو صابو چوک تک بند کر دیا گیا ہے جب کہ موٹروے ایم ٹو شیخوپورہ سے کوٹ مومن، موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک بند کردی گئی جبکہ موٹروے ایم فور کو عبدالحکیم سے فیصل آباد تک بند کردیا گیا۔
لاہور ملتان موٹر وے ایم ٹو شیخو پورہ سے کوٹ مومن اور ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
موٹر وے پولیس نے شہریوں کو دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے۔
ترجمان موٹر ویز نے موجودہ صورتحال میں عوام کو غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے گریز کرنے، دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس استعمال کرنے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دوران سفر کسی بھی صورتحال میں معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔