پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈارکی رہائشگاہ اور فیکٹری کو سیل کردیا گیا

 عثمان ڈار فائل فوٹو عثمان ڈار

سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈارکی رہائش گاہ،فیکٹری اور سیکرٹریٹ سیل کر دیا گیا ۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ محب وطن پاکستانیوں سے دہشتگردوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، میں اللہ کے حضور اپنی والدہ کی مسلسل تضحیک کرنے والوں کا انصاف مانگتا ہوں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق عثمان ڈار اور عمر ڈار دہشت گردی سمیت متعدد مقدمات میں اشتہاری ہیں، جائیدادوں کو عدالتی حکم پر سیل کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سول جج قدسیہ بانو کے حکم پر جائیداد سیل کر کے قرقی کے نوٹسز لگا دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری عثمان ڈار کی رہائش گاہ،فیکٹری اور سیکرٹریٹ کے باہر موجود ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ سیالکوٹ میں میرا گھر، فیکٹری، کاروبار مکمل سیل کر دیا گیا ہے، جناح ہاؤس سمیت ہر قسم کی پراپرٹی کو سیل کرکے میری بوڑھی والدہ، اہل خانہ اور بچوں کو گھر سے نکال دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر کی پردہ دار خواتین اور بچوں کو گھر سے نکال کر سڑک پر چھوڑ دیا گیا ہے، میری بیوہ ماں، اہلیہ اور بہنوں کو زبردستی گھر سے نکال کر میرا اور میرے خاندان کا مکمل کاروبار سیل کر دیا گیا ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کم از کم ڈھائی ہزار افراد فیکٹریوں میں کاروبار کرتے ہیں، جن پراپرٹیز کو سیل کیا گیا ہے، وہ میرے اکیلے کی ملکیت نہیں ہیں، ظالم ظلم اور بربریت کی اُس سطح تک گِر چکا ہے جو ناقابل بیان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی مشنری پوری قوت سے میرے خاندان پر ٹوٹ پڑی ہے، ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کے سر سے چادر چار دیواری کھینچنے والے اللہ کے انصاف سے ڈریں، آزاد ملک میں ہم سے جینے کا رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے، جعلی مقدمات بنا کر انتقامی کارروائی کیلئے اپنی ہی سر زمین پر اشتہاری بنا دیا گیا ہے۔

عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ محب وطن پاکستانیوں سے دہشتگردوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، میں اللہ کے حضور اپنی والدہ کی مسلسل تضحیک کرنے والوں کا انصاف مانگتا ہوں۔ اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس بربریت کا فوری اور بلا تاخیر نوٹس لیا جائے۔

install suchtv android app on google app store