کوٹ ادو میں گھر میں دھماکے سے بچے اور خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈیڑھ سالہ بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے دائرہ دین پناہ میں کباڑ کا کام کرنے والے شخص کے گھر میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ڈیڑھ سالہ بچے سمیت تین زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈیڑھ سالہ بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کاکہنا ہےکہ دھماکا کباڑ کے سامان کی چھانٹی کے دوران ہوا اور خدشہ ہے کہ سامان میں دھماکا خیز مواد موجود تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جارہا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی۔