ملتان: تحریک انصاف کے عامر ڈوگر اور ن لیگ کے سینیٹر گرفتار

ملک عامر ڈوگر فائل فوٹو ملک عامر ڈوگر

الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر سمیت 10 کارکنان جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار شیخ طارق رشید اور سینیٹر رانا محمود الحسن سمیت متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔

الیکشن کمیشن میں حلقہ این اے 155 کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنان میں تصادم ہوا جس کے بعد الیکشن کمیشن کا دفتر میدان جنگ بنا۔ الیکشن کمیشن نے واقعے کا نوٹس لیکر ملزمان کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے ملک عامر ڈوگر کو انکے ڈیرے سے 10 کارکنان سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شیخ طارق رشید اور کارکنوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما عامرڈوگراوردیگرکارکنوں کو تھانہ کینٹ جبکہ ن لیگ کے امیدوار شیخ طارق رشید اورساتھیوں کو تھانہ صدرمنتقل کردیا گیا۔

پنجاب پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ طارق رشید اور مقامی رہنما ملک انور علی سمیت دس کارکنان گرفتار کیا جبکہ کارکنان کی عیادت کیلیے آنے والے لیگی سینیٹر رانا محمود الحسن کو بھی پولیس نے گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے عامر ڈوگر اور کارکنان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ کی گرفتار حکومت کی بڑھتی ہوئی فسطائیت کی ایک اور تازہ مثال ہے‘۔

پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ عامر ڈوگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہے، پی ڈی ایم اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال بند کرے اور عامر ڈوگر کو فوری رہا کیا جائے۔

 تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک عامر ڈوگر اور دیگر کارکنان کی گرفتاری کیخلاف ڈیرہ اڈا چوک پر احتجاج کیا اور ٹائر نذر آتش کر کے سڑک بلا کردی۔

پی ٹی آئی کے رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بڑی گرفتاریاں کرنے کے بعد ملتان پولیس بوکھلاہٹ کا شکار ہے، حکومت کی فسطائیت سے واضح ہو رہا ہے اس کے دن گنے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقدمات، تشدد اور گرفتاریوں سے ہماراعزم، حوصلہ کمزور نہیں مزید تقویت پکڑے گا، نگران حکومت کو کہاں سے چابی مل رہی ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ، چیمہ انشا اللہ ظلم اور جبر کی سیاہ رات بہت جلد ختم ہونے والی ہے۔

install suchtv android app on google app store