خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اپنی حکومت کے ترجیحی کام بتادیے۔
پشاور میں احتجاجی جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں ایک سیاسی ورکر ہوں، وعدہ کرتا ہوں ملک اور صوبہ ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکلوائیں گے، سب سے پہلے صحت کارڈ اور لنگرخانے بحال کریں گے۔ سرکاری نوکریاں نہ ہونے پر کاروبار شروع کروائیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے یہ بھی کہا کہ میری درخواست ہے تمام نتائج کو درست کیا جائے۔
انہوں نے اپنا ترجیحی ایجنڈا بھی جاری کردیا اور کہا کہ چادر اور چار دیواری کے مکمل احترام کو یقینی بنایا جائے گا۔ خواتین کو ان کے حقوق دلائیں گے اور قانونی حقوق فراہم کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صحت کارڈ بحال کریں گے ، خواتین کو مفت قانونی معاونت ملے گی، قانون کی حکمرانی یقینی بنائيں گے ۔
اس سے قبل نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پولیس سے پروٹوکول مانگ لیا اور کہا کہ نام زد وزیرِاعلیٰ کو قانون کے مطابق سیکیورٹی دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر ایک اسکواڈ دیا جاتا ہے، منتخب ہونے کے بعد پروٹوکول کے مطابق سیکیورٹی فراہم کردی جائے گی۔