پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مراد سعید بھی انتخابات سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ نے مراد سعید کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف کیس میں محفوظ فیصلہ جاری کردیا، ہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے فیصلہ جاری کیا۔
مختصر فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ ایپلٹ ٹربیونل نے کاغذات تیکنیکی بنیاد پر خارج کئے تھے، کیس کو اگر واپس بھیج بھی دیں تو ٹربیونل اس وقت غیر فعال ہے، کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی ہے۔
فیصلے کے مطابق سابق وزیر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مراد سعید نے ٹکٹ واپس کردیا ہے، اسی باعث درخواست کو بغیر مزید کارروائی کے نمٹایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ عدالت نے گزشتہ روز مراد سعید کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
اسی سماعت میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اعظم سواتی نے ٹکٹ واپس کردیا ہے اور وہ الیکشن نہیں لڑرہے ہیں۔