پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہم اپنے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اصولوں اور نظریات کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔
پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ ایبٹ آباد، مردان اور ہزارہ کے بعد آج پشاور کے ورکرز کنونشن میں موجود ہیں، پیپلز پارٹی کنونشن نوشہرہ میں بھی ہوگا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گزشتہ جلسہ آپ کی طرف سے تاریخی تھا، کنونشن کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے، ورکرز کنونشن میں مجھے بہت مزہ آرہا ہے، اگلا ورکرز کنونشن دیر میں پھر چترال میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اصولوں کی سیاست کرتی ہے، کوڑے مارے جائیں یا سزائے موت دی جائے، ہم اصول سے نہیں ہٹیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک لیڈر نے بتایا یوٹرن لینا لیڈر کی نشانی ہے، یوٹرن لینا تو بزدلی کی نشانی ہے۔ چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل کرنا ہوگا، پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں ہے، میرا مخالف غربت مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔