وزیر اعظم کا شانگلہ میں پہاڑی تودے تلے دب کر جاں بحق بچوں کے اہل خانہ کیلئے مالی امداد کا اعلان

شہبازشریف فائل فوٹو شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے مارتنگ میں پہاڑی تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے 8 بچوں کے اہل خانہ کے لئے مالی امداد کا اعلان کردیا

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے ہر جاں بحق بچے کے اہل خانہ کے لئے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے، تودہ گرنے سے زخمی ہونے والے شخص کو بھی وزیراعظم کی طرف سے مالی امداد دی جائے گی۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے مالی امداد کا اعلان اپنے مشیر اور خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام کی درخواست پر کیا انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو خط لکھ کر مارتنگ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے امداد کی اپیل کی تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے انجینئر امیرمقام کو متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے تعزیت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز شانگلہ کے علاقے ماتونگ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 8 بچے مٹی تلے دب کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق کچی سڑک سےگزر تے ہوئے بچوں پر پہاڑی تودہ گرا تھا جس کے نتیجے میں متعدد بچے دب گئے۔

install suchtv android app on google app store