بھارتی فوج کی فائرنگ، لائن آف کنٹرول پر دو فوجی جوان شہید, پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی

لائن آف کنٹرول فائل فوٹو لائن آف کنٹرول

 بھارتی فوج کی فائرنگ سے لائن آف کنٹرول پر دو فوجی جوان شہید ہوگئے، پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جس میں بھارت کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پرجنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزیاں جاری ہیں، آج بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کے باگسر سیکٹر پر اشتعال فائرنگ کی۔

پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بھر پور جوابی کارروائی کی جس سے بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

 ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں نائیک شاہ جہان اور سپاہی حمید شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دس دسمبر کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے لائن آف کنٹرول پر تعینات دو فوجی جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ  پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے دانت کھٹے کیے، شہید ہونے والوں میں لانس نائیک طارق اور سپاہی ضروف شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے کھوئی رتہ سیکٹر پر بھاری ہتھیاروں کے ساتھ بلااشتعال فائرنگ کی۔

اس سے قبل 26 ستمبر کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے نائیک دلفراز شہید ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل اوسی کوٹ کٹیرا سیکٹرپر شدید فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں نائیک دلفراز نے جام شہادت نوش کیا۔

install suchtv android app on google app store