کشمیر میں شہادتوں کے خلاف آج مکمل ہڑتال

بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر کی تحریک حریت، پیپلز لیگ، تحریک مزاحمت، مسلم لیگ، دختران ملت، پیپلز پولیٹیکل فرنٹ، محاذ آزادی، انجمن شرعی شیعیان، اتحاد المسلمین، سالویشن مومنٹ، ماس مومنٹ ، وی او وی، پیروان ولایت، ڈیمو کریٹک پولیٹکل مومنٹ، ینگ مینز لیگ اور تحریک استقامت نے کولگام شہادتوں کی مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروسز کے مطابق آج کی ہڑتال کی کال حریت کانفرنس کے رہنماوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کولگام قتل عام کے خلاف آج یعنی سوموار 22 اکتوبرکو ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کرنے کی کال دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ منگل 23 اکتوبرکو کشمیری عوام لالچوک کا رخ کریں۔

مشترکہ مزاحمتی قیادت عوام الناس کے ہمراہ ایک پرامن احتجاجی دھرنا دیں گے نیز اس قتل عام اور ظلم و جبر کو اجاگر کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک یادداشت بھی تحریر کی جارہی ہے۔

مزاحمتی قیادت نے کولگام میں کئے گئے قتل عام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج اور فورسز نے 8 افراد کو جن میں ایک نو سالہ کمسن بچہ بھی شامل ہے جاں بحق جبکہ 50 کے قریب لوگوں کو گولیاں، بم اور پیلٹ سے زخمی کردیا ہے۔

کولگام میں شہری ہلاکتوں پر مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی ہڑتال کال کے پیش نظر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے آج لئے جانے والے 12ویں جماعت کے امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے جبکہ کشمیر یونیورسٹی نے بھی آج لئے جانے والے پی جی فسٹ سمسٹر کے امتحان کو ملتوی کر دیا ہے ۔

پاکستان نے کشمیر میں شہریوں کی شہادتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کل کولگام میں 9 نہتے کشمیری شہیدجبکہ 50سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

install suchtv android app on google app store