آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ؛ ووٹوں کی گنتی، نتائج آنے کا سلسلہ جاری

آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے فائل فوٹو آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے

آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہنا تھا تاہم الیکشن کمیش نے پولنگ کے عمل میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق ووٹرزکی زیادہ تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹےکی توسیع کی گئی۔

ایل اے 27 کے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی

عملہ نہ پہنچنے پر مظفر آباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے 27 کے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کردیے گئے، موسم کی خرابی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ کا سامان نہیں پہنچ سکا۔

پولیس کے مطابق وادی نیلم، آزاد کشمیر میں ووٹ ڈال کر واپس آنےوالی گاڑی بجلی کی تار سےٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 8 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 7 خواتین اور ایک ڈرائیور شامل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میونسپل کمیٹی اٹھمقام کے وارڈ لالہ میں پیش آیا، تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھمقام منتقل کر دیا گیا۔

ن لیگی شرپسندعناصر نے چوہدری لطیف اکبر پرحملہ کرکےناقابل برداشت حرکت کی: وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبرپرحملےکا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری آزادکشمیر، آئی جی پولیس ذمہ داروں کوکیفرکردارتک پہنچائیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے آزاد کشمیرمیں سکیورٹی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگی شرپسندعناصر نے چوہدری لطیف اکبر پرحملہ کرکےناقابل برداشت حرکت کی۔

آزاد کشمیر کے کچھ حلقوں میں پولنگ کاعمل تاخیر سے شروع ہوا جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے الیکشن سیل پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی ندیم افضل چن نے آزاد کشمیر میں چوہدری لطیف اکبر پر حملے کا الزام عائد کیا جبکہ شیری رحمان کی جانب سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی جانب سے چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کا پرامن انعقاد جاری ہے، "رونا دھونا پارٹی" کا وجود کہی نظر نہیں آرہا، دھاندلی کا رونا رونے والے پھر چیختے چلاتے رہیں گے۔

کسی کے دباؤ میں کام نہیں کریں گے، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے مظفر آباد میں پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا انٹرنیٹ کی بحالی کے لیے لیٹر لکھا ہے، آج پتا چل جائےگا۔

ایک سوال کے جواب میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کسی کے دباؤ میں کام نہیں کریں گے، ہربات ہر کسی کی مانی نہیں جاتی، قانون کےمطابق کام کریں گے۔

مظفرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 4 سو 83 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ جموں اور ویلی کی 6، 6 نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ادھر جموں 1 اور کشمیر ویلی 1 کی نشست پرکراچی میں پولنگ شروع ہوگئی ہے، دونوں نشستوں کے لیے 34 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، کراچی میں جموں 1 کی نشست پر 698 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جبکہ کراچی میں کشمیر ویلی 1 کی نشست پر 4 ہزار 200 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

مزید براں راولپنڈی،اسلام آباد میں بھی مہاجرین کی 3 نشستوں پر پولنگ آج ہو رہی ہے، مہاجرین کی 3 نشستوں میں ایل اے43 ویلی 4 اور ایل اے 44 ویلی 5 شامل ہیں۔

ایل اے 39 جموں 6 پر بھی راولپنڈی، اسلام آباد میں پولنگ ہو رہی ہے، ایل اے43 ویلی 4 میں کل 12 امیدوار مد مقابل ہیں جبکہ ایل اے 44 ویلی 5 میں کل 8 امیدوار مدمقابل ہیں اور ایل اے39 جموں 6 کی نشست پر کل 14 امیدوار میدان میں ہیں۔

کون کون امیدوار مدمقابل ہیں؟

ویلی4 سے پیپلزپارٹی کے جاوید بٹ، ن لیگ کے محمد یاسین اور آئی پی پی کے حمزہ مجید مدمقابل ہیں، ویلی5 میں ن لیگ کے احمد رضاقادری، پیپلزپارٹی کے محمد راشد اسلام مدمقابل ہیں اور ویلی5 میں ہی جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار اور مسلم کانفرنس کی مہرالنسا مدمقابل ہیں۔

جموں 6 میں پیپلزپارٹی کے چوہدری فخرزمان، ن لیگ کے راجہ محمد صدیق، آئی پی پی کے محمد طاہر کھوکھر بھی مدمقابل ہیں۔

اس کے علاوہ ایل اے43 ویلی 4 میں 16سو سے زائد خواتین ووٹرزسمیت رجسٹرڈووٹرز کی تعداد 3ہزار 346 ہے، ایل اے44 ویلی 5 میں 3 ہزار 294 خواتین ووٹرز سمیت رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 ہزار 996 ہے۔

ایل اے 39 جموں 6 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 37 ہزار کے قریب ہے، ایل اے 39جموں 6 میں چکوال،جہلم، اٹک، پشاور، تلہ گنگ بھی شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے ایل اے43 ویلی 4 میں 10 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں، ایل اے 44 ویلی 5 میں 27 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، ایل اے 39 جموں 6 میں 155 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 621 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 27 ہزار 955 اور خواتین ووٹرز کی تعداد3 لاکھ 81 ہزار 6 سو 66 ہے۔

install suchtv android app on google app store