آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کر رہے ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے پولنگ کے عمل اور انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی اور عوامی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔
میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ ایک ہزار 439 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 جبکہ ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
ان حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ مجموعی طور پر 296 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابی ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔