سانحہ نانگا پربت میں سیاحوں کے قتل میں ملوث پندرہ ملزمان کی نشاندہی ہو گئی ہے، آئی جی گلگت بلتستان عثمان زکریا نے کہا ہے کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔
آئی جی گلگت بلتستان عثمان زکریا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ نانگا پربت بیس کیمپ پر حملے کے دہشت گردوں کی نشاندہی ہو گئی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم نے حملہ میں ملوث پندرہ ملزمان کی نشاندہی کر لی ہے،، ملزمان کا تعلق دہشت گرد گروپوں سے ہے۔
آئی جی عثمان زکریا نے بتایا کہ جرگہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تعاون کر رہا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دس ملزمان کا تعلق دیامر سے ہے، تین کا تعلق کوہستان اور دو ملزمان کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔
آئی جی نے واضح کیا کہ تمام ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور سیاحوں کے قاتل ابھی بھی دیامر میں موجود ہیں، ان کا کہنا تھا کہ دیامر کے جنگلات میں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے آپریشن جاری ہے، آپریشن میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق سانحہ نانگا پربت کے ماسٹر مائنڈ کا نام مجید ہے جس کا تعلق چلاس سے ہے، ملزمان میں ہدایت اللہ، شفیع اللہ، قاری رفاقت، ثنا اللہ، ملک نجات، عزیز اللہ، محفوظ الحق، شفیع، حضرت عمر ملزمان میں شامل ہیں۔