اسکردو میں گلگت بلتستان کی معروف ادبی تنظیم کے زیر اہتمام پندرہ رمضان کو ولادت حضرت امام حسن علیہ السلام کی مناسبت سے سالانہ نعتیہ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔
اسکردو کے خوبصورت سبزازار میں منعقدہ محفل نعت کی صدارت بزرگ عالم دین علامہ شیخ علی جوہری نے کی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر اسکردو راجہ فضل خالق، ہمسایہ ملک ایران سے آئے ہوے عالم دین ڈاکٹر محمد یعقوب اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر غلام حسین اطہر مہمان خصوصی تھے۔
سالانہ نعتیہ مقابلے میں اڑتیس سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبا نے حصہ لیا۔ نعتیہ مقابلے کی اس بابرکت محفل سے خطاب کرتے ہوے مقررین کا کہنا تھا کہ ماہ مبارک رمضان کا ہر لمحہ رحمت مغفرت اور نجات کا ہوتا ہے یہ وہ عبادت ہے جو صرف اللہ کے لیے ہے اور اس کا اجر بھی باری تعالیٰ خود دیں گے۔
یہ کتنی سعادت کی بات ہے کہ اس ماہ مبارک میں بندہ اپنے خالق حقیقی کا مہمان بنتا ہے۔ ان بابرکت لمحات میں محمدۖ و آل محمد ﷺ کا تذکرہ بھی عین عبادت ہے۔
مقررین نے کہا کہ نواسہ رسول ۖ حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین علیہ سلام سردار نوجوانان جنت ہیں اور ان کی سیرت طیبہ پر عمل کر کے مسلمان دنیا اور آخرت میں فلاح پا سکتے ہیں۔
سیرت امام مجتبیٰ علیہ سلام کا ہر پہلو ہمارے لیے مشعل راہ ہے ان کی حیات طیبہ میں مسلمانوں کی کا میابی کا راز مضمر ہے۔
نعتیہ مقابلے کے اختتام پر پاکستان کی ترقی و استحکام اور خاص طور پر دہشت گردوں کے خلاف بر سر پیکار افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔