اسکردو میں اتحاد بین المسلمین کی بیسویں عالمی کانفرنس "حسین سب کا" کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شعرا نے خصوصی کلام کے ذریعے امن اور اتحاد کا پیغام دیا۔
سالانہ اتحاد بین المسلمین انٹرنیشنل کانفرنس "حسین سب کا" کا انعقاد ادبی تنظیم کے زیر اہتمام اسکردو میں کیا گیا۔ اس عظیم الشان کانفرنس میں گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور شعرا نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برادر اسلامی ملک کویت کی نامور سماجی شخصیت الحاج عبدل معرفی نے کہا کہ امام حسین علیہ سلام کی تعلیمات احترام انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ اس پُرآشوپ دور میں اسوہ شبیری ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر نہ صرف دنیا میں امن قائم کیا جاسکتا ہے بلکہ آخرت میں بھی فلاح پاسکتے ہیں۔
اس موقع پر خطیب اہل سنت مولانا طارق حسین، خطیب اہلحدیث مولانہ ڈاکٹر محمد علی جوہر، علامہ شیخ جواد حافظی اور دیگر مقررین نے کہا کہ بلتستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مثالی بھائی چارے کا ماحول پورے ملک کے لیے قابل تقلید ہے۔
مقررین نے اتحاد امت کےلیے ہونے والے کانفرنس کو انتہائی موثر قراردیا۔ کانفرنس کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔