وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت ماہی گیروں کو سستے قرضے دینے کا اعلان کر دیا

وزیراعظم عمران خان فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ماہی گیری کے شعبے کو منافع بخش بنانے کے لیے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ماہی گیروں کو قرضے دیے جائیں۔

اسلام آباد میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت ماہی گیروں کو بااختیار بنانے کے پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماہی گیر بہت محنت کش اور مشکل زندگی گزارتے ہیں اور جس دن مچھلی نہیں پکڑی تو ان کے بچے بھوکے سوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا شعبہ جہاں بدقسمتی سے کرپشن ہوتی ہے، باہر سے بڑے بڑے ٹرالرز آتے ہیں اورکرپشن ہوتی ہے حالانکہ ان کو نہیں آنا چاہیے لیکن ہمارے لوگ پیسے لے کر ان کو اجازت دیتے ہیں اور وہ ہمارے علاقے سے اتنی مچھلی لے کر جاتے ہیں جس سے ہمارے چھوٹی ماہی گیر متاثر ہوتے ہیں اور اگر اسی طرح چلتا رہا تو ان کے لیے آگے برے حالات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کے لیے چار بینکوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کا پاکستان کے لیے اہم کردار ہے، ان چیزوں سے معیشت اٹھتی ہے، جب آپ سستے قرضے دیں، کامیاب جوان کے اندر ماہی گیروں کو قرضے دیں تاکہ وہ اپنی کشتی، جال اور دنیا میں آنے والی نئی مشینریاں خرید سکیں اور خود اپ گریڈ کر سکیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ماہی گیروں کو اپ گریڈ کریں کیونکہ پاکستان میں اس حوالے سے بڑے مواقع ہیں، جس طرح سیاحت اور دیگر شعبوں میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں قرضوں کی فراہمی میں سست روی کا مسئلہ آرہا ہے اس لیے بینکوں سے تاکید کر رہا ہوں ان مسائل کو حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر بغیر منصوبہ بندی کے پھیلتے جارہے ہیں جس سے گندگی اور دیگر مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اور فوڈ سیکیورٹی کم ہوتا جا رہا ہے، اسی لیے ہم راوی پروجیکٹ بنا رہے ہیں تاکہ اپنے لوگوں کو اوپر اٹھائیں، ضرورت ہےکہ نیا ماڈل بنے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سندھ حکومت سے بنڈل جزیرہ سمیت دیگر جگہوں پر تعمیرات کی اپیل کریں گے، کراچی کا 40 فیصد کچی آبادیوں پر مشتمل ہے اور اس کے لیے ایک مکمل منصوبہ لے کر آرہے ہیں کہ کیسے کچی آبادیوں کو مستقل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جو نئے شہر بنا رہے ہیں وہاں 70 ہزار درخت اگا رہے ہیں، کراچی میں بھی ٹریٹمنٹ پلانٹ کا سوچنا پڑے گا، حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بہت اچھا ہے اور ماہی گیروں کو سستے قرضے یقینی بنائیں۔

install suchtv android app on google app store