سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری

سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری File Photo سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پی ایس 43 سانگھڑ، 88 ملیر اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 میں ضمنی انتخاب 16 فروری کو ہو گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 23 سے 28 دسمبر تک حاصل کر سکیں گے جب کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 4 جنوری تک کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو امیدوار ایپلٹ ٹریبونل میں 8 جنوری تک چیلنج کر سکیں گے۔

امیدواروں کی حتمی فہرست 16 جنوری کو جاری کی جائے گی۔

چند روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے 8 قومی وصوبائی اسمبلیوں کے حلقوں پر ضمنی انتخابات کا فیصلہ کیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں 8 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کے انعقاد کے دوران کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کویقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ 8 قومی وصوبائی اسمبلیوں کے حلقوں میں ضمنی انتخابات این سی او سی کی ہدایت پر ملتوی کردیے گئے تھے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ اسمبلی کے 3 خالی حلقوں پر ضمنی انتخاب کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔

ملک بھرمیں قومی وصوبائی اسمبلی کی 8 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونا ہیں۔ ملک بھر میں 2 قومی اسمبلی اور 6 صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں خالی ہیں۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 75 سیالکوٹ اور این اے 45 اورکزئی، صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 51 گجرانوالہ، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر، پی ایس 52، پی ایس 43 سانگھڑ، پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین کی نشست خالی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store