سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازیں، عوام کے لیے خوشخبری

 پی آئی اے فائل فوٹو پی آئی اے

وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی کاوشوں سے پی آئی اے کو سعودی عرب کے لیے 21 مزید پروازوں کا خصوصی اجازت نامہ مل گیا۔

سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازوں کے معاملے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، گزشتہ رات سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے وزیر اعظم سے لوگوں کی پریشانی اور بے پناہ رش کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔

اعلیٰ سطحی سفارتی ذرایع استعمال کرنے کے بعد صرف قومی ایئر لائن کو سعودی عرب کی جانب سے خصوصی طور پر مزید پروازیں جاری کرنے کا پروانہ جاری کر دیا گیا۔

وزیر اعظم کی مداخلت کے ساتھ 21 مزید پروازوں کے سسٹم میں آنے کے بعد پی آئی اے کی صلاحیت 25،500 افراد کی ہو گئی ہے، یہ تمام افراد 30 ستمبر سے پہلے سعودی عرب روانہ ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ پی آئی اے نے 15 ستمبر کو اجازت ملتے ہی بکنگ کا آغاز کر دیا تھا، تاہم زیادہ تر اقامے جو 30 ستمبر کو مدت پوری کر رہے ہیں کی وجہ سے پی آئی اے کے دفاتر اور ایجنٹس کے پاس غیر معمولی رش ہو گیا تھا، کچھ عناصر نے اس موقع سے فائدہ اٹھا کر کئی گنا مہنگے ٹکٹس فروخت کرنے شروع کر دیے تھے۔

سی ای او پی آئی اے نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اصل کرائے شائع کروائے اور مزید پروازوں کی اجازت طلب کی، تاہم سعودی حکام کی جانب سے مانگی گئی 28 پروازوں کے مقابلے میں صرف 13 پروازیں منظور کی گئیں۔

خیال رہے کہ پی آئی اے کی ہفتہ وار 23 پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہی ہیں جن میں گنجائش 12،000 افراد کی تھی، 13 مزید پروازوں کی وجہ سے 3500 کی مزید گنجائش پیدا ہوئی تاہم یہ بھی طلب سے بہت کم تھی۔

اب اکتوبر کے مہینے کے لیے پی آئی اے نے پہلے ہی اپنی پروازیں دوگنی کرنے کے لیے سعودی حکام سے درخواست کر لی ہے۔

سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم پاکستان، وزیر ہوا بازی، وزیر خارجہ شاہ محمود اور زلفی بخاری کی خصوصی مشکور ہے، اس وقت جب ہمارے ہم وطن شدید پریشانی میں مبتلا تھے وزیر اعظم کے کردار کے باعث اب بہ آسانی سعودیہ روزگار کے لیے جا سکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پی آئی اے وزارت خارجہ سے بات چیت کر رہی ہے کہ اقامے کی مدت میں بھی توسیع کے لیے سعودی حکام سے بات کریں، ہر مشکل گھڑی میں پی آئی اے قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے اسی لیے قوم بھی پی آئی اے کا ہی رخ کرتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store