پائلٹس کے لائسنس کا معاملہ، سول ایوی ایشن کے ایک افسر سمیت 3 ملازمین برطرف

سول ایوی ایشن اتھارٹی فائل فوٹو سول ایوی ایشن اتھارٹی

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شعبہ ریگولیٹری کے لائسنس برانچ کے ایک افسر سمیت تین ملازمین کو برطرف کردیا، برطرف ملازمین پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے اجراء کے امور میں بھی ملوث پائے گئے۔

پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی میں محکمہ جاتی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے ، سی اے اے نے شعبہ ریگولیٹری کے لائسنس برانچ کے ایک افسر سمیت تین ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا ۔

ملازمت سے فارغ ہو نے والوں میں سی اے اے کے جوائینٹ ڈایکٹر بھی شامل ہے ، ڈپٹی ڈی جی سی اے اے عامر محبوب نے تصدیق کر تے ہوئے نجی چینل کو بتایا کہ دوران تفتیش بر طرف ملازمین پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے اجراء کے امور میں بھی ملوث پائے گئے۔

سی اے اے کے مطابق محکمہ جاتی کارروائی مکمل کرتے ہو ئے قواعد کے تحت بر طرفی کا فیصلہ کیا، سی اے اے نے پانچ ملازمین وافسران کو شو کاز نو ٹس جاری کئے تھے۔

یاد رہے گذشتہ ماہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بورڈ سیکریٹری کو سی اے اے کی تقسیم و دیگر معاملات پر تحفظات کی بنیاد پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا تھا کہ بورڈ سیکریٹری زبیر پراچہ کو برطرف کرکے ایڈیشنل ڈائریکٹر عثمان سعید کو اضافی چارج دے دیا گیا ہے، زبیر پراچہ کو عہدے سے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کی منظوری کے بعد ہٹایا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store