وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر کو 75ویں سیشن کی صدارت ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ایک بار پھر کشمیر کا مسئلہ اٹھادیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر کی ملاقات ہوئی ، وزیرخارجہ شاہ مود قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے 75ویں سیشن کی صدارت ملنے پر وولکان بوزکر کو مبارکباددی اور کورونا وباکے دوران حکومتی اقدامات اور سماجی و معاشی اثرات پربھی تبادلہ خیال کیا اور بتایا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کیلئے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا۔

وزیراعظم نے وولکن بوزکر سے ملاقات کے دوران ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کا معاملہ اٹھایا اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت سے آگاہ کرتے ہوئے وادی میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم نےمقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچہ تبدیل کرنےکی بھارتی کوششوں پرروشنی ڈالی اور سنگین صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کےکردار ادا کرنےکی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، یواین اپنی قراردادوں اورخودارادیت دینے کے وعدے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

وزیر اعظم نے قرضوں میں سہولت کے لیےعالمی اقدامات پر بات کرتے ہوئے ترقی پذیرممالک کوکورونا کے باعث زیادہ مالی سہولت کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیر اعظم نےموسمیاتی تبدیلی سےنمٹنے ، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے جیسےاقدامات پربات کی اور کہا امیدہے 75 ویں اجلاس میں ان امور کو ترجیح دی جائے گی ، جن سے اربوں افرادمتاثرہوئے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر وولکن بوزکر وزارت خارجہ پہنچے ، جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا، نو منتخب صدر نے وزارت خارجہ کے لان میں پودا لگایا۔

بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر کی ملاقات ہوئی، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وولکن بوزکر کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ نے نو منتخب صدر کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی، توقع ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی مقبوضہ کشمیر پر مؤثرکردار ادا کرے گی۔

install suchtv android app on google app store