کراچی طیارہ حادثہ؛ کینیڈین وزیر اعظم سمیت کئی ممالک کے سربراہان کا اظہار افسوس

 افغان صدر اشرف غنی، بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اور کینڈین وزیر اعظم فائل فوٹو افغان صدر اشرف غنی، بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اور کینڈین وزیر اعظم

کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کے بعد افغان صدر اشرف غنی، بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اور کینڈین وزیر اعظم سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے افسوسناک واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہیں، غم کے اس موقع پر افغان قوم پاکستان کے ساتھ ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ’پاکستان میں طیارہ حادثے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا، لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں’۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج صبح پاکستان سے ملنے والی خبر چونکا دینے والی ہے، پی کے 8303 میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے ہمدردی ہے، اس خوفناک حادثے کے تمام متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں، کینیڈین عوام آج آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے‘۔

علاوہ ازیں کینیڈا،سوئٹزرلینڈ،نیدرلینڈ،سری لنکا کے وزرائےخارجہ نے شاہ محمود قریشی سے بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیا اور طیارہ حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزرائےخارجہ نےقیمتی جانوں کےضیاع پر پاکستان کیساتھ اظہاریکجہتی کیاْ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اظہار یکجہتی پر چاروں وزرائے خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

طیارہ حادثہ

واضح رہے کہ پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد مسافر اور علاقہ مکین جاں بحق ہوئے، حادثے کی جگہ سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وزیراعظم نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اےجبکہ سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کےطیارے میں 99مسافر اور 8 کریو ممبر سوار تھے۔ ڈی آئی جی نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے زمین پر 4 گھر تباہ ہوئے ہیں ، طیارہ گرنے کی جگہ کوگھیراؤکرکے مکمل سیل کردیا گیا ۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ طیارہ حادثے میں دو مسافر معجزاتی طور پر محفوظ رہے جن میں بینک آف پنجاب کے ظفر مسعود اور محمد زبیر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کا جسم جھلسا ہوا ہے البتہ ڈاکٹرز نے اُن کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔

install suchtv android app on google app store