پاک فوج کورونا وبا کیخلاف دیگر اداروں کی معاونت جاری رکھے: آرمی چیف

 جنرل قمر جاوید باجوہ فائل فوٹو جنرل قمر جاوید باجوہ

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت جاری کی ہیں کہ پاکستان آرمی کورونا وبا کے خلاف دیگر اداروں کی معاونت جاری رکھے۔ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ افراد تک پہنچ کر انہیں سہولت دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوہاٹ کا دورہ کیا۔ وہ سی ایم ایچ پہنچے جہاں انہوں نے کورونا سنٹر میں انتظامات کا جائزہ لیا۔

 کوہاٹ پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے مادر وطن کے دفاع میں جان کا نظرانہ پیش کرنے والے شہدا کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

آرمی چیف نے کورونا کے ریلیف پروگرام میں مصروف جوانوں اور افسروں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو علاقے میں کورونا کی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت دی کہ کورونا سے متاثرہ تمام علاقوں تک پہنچا جائے۔ پاکستان آرمی اس وبا کے خلاف دیگر اداروں کی معاونت جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ افراد تک پہنچ کر انہیں سہولت دی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store