خاتون جنت سلام اللہ علیہا رہتی دنیا تک خواتین کیلئے رول ماڈل، ہر روپ میں عورت کو وقار بخشا

جگر گوشہ رسول خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا رہتی دنیا تک خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔ ماں، بیوی، بیٹی خاتون جنت نے عورت کے ہر روپ کو وقارعطا کیا، موجودہ دور میں بھی اہلِ اسلام کی خواتین اگر مخدومہ کائنات سلام اللہ علیہا کی سیرت پر عمل کریں تو دنیا و آخرت میں سرخرو ہو جائیں۔

بی بی فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کو سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے جنت کی عورتوں کا سردار قرار دیا، جن کی رضا کو اللہ کی رضا اور جن کی ناراضگی کو اللہ کی ناراضگی قرار دیا۔

"فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے، جس نے فاطمہ کو دکھ دیا اس نے مجھے دکھ دیا جس نے فاطمہ کو خوشی دی اس نے مجھے خوشی دی'' پیغمر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنے زریں قول کے ذریعے نہ صرف خاتون جنت بلکہ تاقیامت خواتین کیلئے ادب و احترام کی مثال قائم کی۔

نبوت کے چوتھے سال عام الحزن کے موقعے پر جب کہ حضور کی چاہنے والی عزیز ترین ہستیاں جن میں حضرت بیبی خدیجہ سلام اللہ علہیا اور حضرت ابوطالب علیہ السلام ساتھ چھوڑ گئے اس وقت یہ بی بی فاطمہ ہی تھیں کہ جنہوں نے اس مشکل ترین دور میں اپنے والد کا ساتھ دیا۔ بی بی سلام اللہ علیہا کے اسی رویہ کے سبب ان کی کنیت ام ابیہا یعنی اپنے والد کی ماں قرار پائی۔

سیرت سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا

شادی کے بعد آپ کی زندگی طبقہ نسواں کے لیے مثال ہے، تمام تر اختیارات کے باوجود گھر کا تمام کام خود کرتی تھیں کبھی حرفِ شکایت زبان پر نہیں آیا۔ نہ مددگار یا کنیز کا تقاضا کیا،
رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے کنیز حضرت فضہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا عنایت کی تو ان کو ماں کہہ کر محبت اور مہربانی کا ایسا سلوک کیا کہ مالک و مختار ہونے کے باوجود کام کاج کے لیے اوقات اور ایام مخصوص فرمائے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ان کے گھر تشریف لائے اور دیکھا کہ آپ سلام اللہ علہیا بچے کو گود میں لیے چکی پیس رہی ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ ایک کام فضہ رضی اللہ عنہا کے حوالے کر دو۔ آپ نے جواب دیا کہ بابا جان آج فضہ کی باری کا دن نہیں ہے

سیدہ کائنات سلام اللہ علہیا ان کے خاوند حضرت علی علیہ السلام سے بھی مثالی تعلقات تھے، بی بی سلام االلہ علیہا اپنے گھر کے سارے کام خود اپنے ہاتھ سے انجام دیتی تھیں، انہوں نے اپنے شوہر سے کبھی کسی بات کا مطالبہ نہیں کیا ہمیشہ اپنے شوہر کی رضا کو ہی اپنی رضا بنایا۔

معرکہ حق و باطل درپیش ہوتا تو حضرت علی کا حوصلہ بڑھاتیں، جنگ احد میں نبی کریم ﷺ کے دندان مبارک شہید ہوئے تو آپ نے عزم  و ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرہم کا بندوبست کیا اور تلواروں کی صفائی کے فرائض انجام دیئے۔

install suchtv android app on google app store