پاکستانی حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سرگرم، اہم پابندی لگا دی۔۔۔ تفصیلات جانئے

کورونا وائرس سے بچاؤ کے طور پر پاکستان سے ماسک اور دستانوں کی برآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق پاکستان سے ماسک اور دستانوں کی برآمدگی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پابندی کا فیصلہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے طور پر کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

مراسلے کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک اور دستانوں کا استعمال ناگزیر ہے۔ وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر وقت ہر جگہ پر ضروری اسٹاک موجود ہونا چاہیئے۔

مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ زمینی، فضائی یا بحری راستوں سے ماسک اور دستانوں کی برآمدگی روکی جائے۔ اس سلسلے میں تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ایئرپورٹس پر 12 ہزار سے زائد مسافروں کی اسکریننگ کی گئی، متعلقہ محکموں سے فوکل پوائنٹ اور ٹیلی فون نمبرز کا تبادلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق نیشنل ایمرجنسی کنٹرول سینٹر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، اقوام متحدہ کے ادارے اور میڈیا کے ذریعے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: کرونا وائرس ’عالمی ایمرجنسی‘ قرار، عالمی ادارہ برائے صحت

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی صوبے ووہان میں اب تک 213 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الا قوامی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کمزور نظام صحت والے ممالک میں اس وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کا خدشہ ہے، وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

install suchtv android app on google app store