شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے بارے میں ایسا کیا کہہ دیا کہ اپوزیشن کی چیخیں نکل گئیں

شاہ محمود قریشی فائل فوٹو شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اراکین بول رہے ہیں کیا ایک کی آواز یا دلائل میں دم نہیں ہے، جب ہم آئینہ دکھانا چاہتے ہیں تو آپ منہ کیوں چھپا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراکین کی بات میں نے حوصلے سے سنی، آپ بھی تھوڑا پارلیمانی آداب کو ملحوظ رکھیں، پارلیمان کی بحث سیر حاصل تب ہوگی جب بات سننے کا حوصلہ ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 2 مہینے کشمیر کا مسئلہ دنیا میں اجاگر کیا گیا اپوزیشن نے توجہ کشمیر سے ہٹائی، جو اپوزیشن نے پچھلے دو ماہ میں کیا ہم درگزر کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدام پر پارلیمنٹ نے متفقہ جواب دیا، مسئلہ کشمیر پر کوئی ابہام، تقسیم یا کمزوری نہیں ہے، مسئلہ کشمیر 72 سال سے زیر بحث ہے، بھارت اقوام متحدہ میں اپنے وعدے سے منحرف ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر کو متنازع معاملہ سمجھتی ہے، بھارت کوششوں کے باوجود عالمی رائے اپنے حق میں کرنے میں ناکام رہا، امریکی کانگریس نے بھارتی اقدام کو زیر بحث لانے کے لیے قرارداد منظور کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں، ترک صدر اور ملائیشین وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اجاگر کیا، فرانس کی پارلیمان میں بھی مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی سیاسی جماعت کا نہیں پورے پاکستان کا ایشو ہے، مشترکہ پارلیمانی آواز حکومت کا موقف مضبوط کرتی ہے، مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔

install suchtv android app on google app store