حکومت سنبھالنے پر پتا چلا ہر ادارے کا خزانہ خالی ہے اور دیوالیہ نکل چکا ہے: نعیم الحق

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق فائل فوٹو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہنا ہے کہ 5 سال میں ایک کروڑ صحت کارڈ جاری کریں گے اور کم آمدنی والے لوگوں کو گھر فراہم کریں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جو بجٹ پیش کیا، پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی بجٹ سامنے نہیں آیا۔

نعیم الحق نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 114 اسکیمیں شروع کی ہیں جس کے تحت یتیم اور بیوہ بغیر کچھ دکھائے 5 سے 10 لاکھ روپے کا قرض حاصل کرسکیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت سنبھالنے پر پتا چلا ہر ادارے کا خزانہ خالی ہے اور دیوالیہ نکل چکا، حکومت کا خزانہ بالکل خالی تھا۔ واجبات کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں تھے۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا عزم پورا کریں گے اور اس کے لیے جو ہم اسکیمیں لا رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی پروگرامز سامنے نہیں آئے۔

نعیم الحق نے مقبوضہ کشمیر پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر جنگ ہوئی تو نہ ہندوستان رہے گا نہ پاکستان رہے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے بات میں انہیں بتایا کہ ہم ایک سال سے بات چیت کی کوششیں کررہے ہیں مگر مثبت جواب نہیں آتا تو انہوں نے حیرت کا اظہار کیا۔

نعیم الحق نے کہا کہ آر ایس ایس کا فلسفہ ہے کہ ہندوستان میں صرف ہندوؤں کی حکومت ہو اور اس فلسفے پرنریندر مودی عمل پیرا ہے تاہم ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر کو آزادی نہ مل جائے اور انہیں اپنی قسمت کے فیصلے کا حق نہ مل جائے۔

install suchtv android app on google app store