بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دینے کے لیے کام جاری ہے: ترجمان دفتر خارجہ

  • اپ ڈیٹ:
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل فائل فوٹو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے لیکن بھارت مذاکرات کی طرف آنے کو تیار ہی نہیں ہے۔

دفتر خارجہ میں میڈیا نمائندوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دینے کے لیے کام جاری ہے اور انہیں قونصلر رسائی دے دی جائے گی۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں لیکن بھارت بات چیت کی طرف آنے کو تیار ہی نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین سمیت کئی افراد کو شہید کیا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے۔

وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی دورے میں ڈو مور کا ذکر کہیں نہیں ہوا بلکہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات ازسر نو شروع ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات میں باہمی تعلقات سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنی ثالثی کی خدمات پیش کیں جب کہ وزیر اعظم پاکستان نے صدر ٹرمپ کے جذبے کو سراہا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے وزیر اعظم بتا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران کہا تھا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے امریکی حکام سے بات ہو چکی ہے، اب طالبان سے ملاقات کروں گا۔

install suchtv android app on google app store