مریم نواز نے کس کی پیٹھ میں چھرا نہ گھونپنے کا دعوی کر دیا؟ جانیے پس پردہ حقائق

مریم نواز فائل فوٹو مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پتہ نہیں اصلی قیادت عمران خان کو امریکہ لے گئی ہے یا وہ اصلی قیادت کو لے کر گئے ہیں، ان کی اتنی اوقات نہیں کہ ملک کی اکیلے نمائندگی کر سکیں، عوام کا وزیر اعظم ہوتا تو وفد کا سربراہ بن کے وفد کو لیڈ کرتا۔

فرانزک رپورٹ آنے کے بعد شک کی کوئی گنجائش نہیں میاں صاحب کو باعزت بری کیا جائے تاکہ عدلیہ کی شفافیت پر موجود سوالیہ نشان ختم ہو اور عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔ جو کام بھی سازش یا غلط طریقے سے ہوا ہے ، چاہے چیئرمین سینیٹ ہو یا کوئی بھی ، وہ ریورس ہونا ہی ہونا ہے ، مریم نواز نے ڈیل کے پیغامات ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپیں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان صاحب امریکہ اصلی قیادت کو ساتھ لے کر گئے ہیں۔ اب پتا نہیں یہ ان کو لے کر گئے ہیں یا وہ ان کو سلیکٹڈ وزیر اعظم کی حیثیت سے لے کر گئے ہیں ، ان کی تو اتنی اوقات نہیں ہے کہ ملک کی اکیلے نمائندگی کر سکیں۔

بعد ازاں اپنے ایک ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ سیلیکٹڈ بھی امریکہ کے وفد میں شامل ہے نا ؟ عوام کا وزیر اعظم ہوتا تو وفد کا سربراہ بن کے وفد کو لیڈ کرتا! جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا ! ایسے اقتدار سے قید اچھی! اب تو سکھا پڑھا کر سامنے بٹھا دینے کے دن بھی گئے۔ دنیا بھی جانتی ہے کہ سلیکٹڈ سے بات کرنے کا فائدہ نہیں ہے کیونکہ اس کی حیثیت ایک کٹھ پتلی سے زیادہ کچھ نہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد اب تو شک کی کوئی گنجائش نہیں اس کیس کو فوراً کالعدم قرار دیا جائے اور میاں صاحب کو باعزت بری کیا جائے تاکہ عدلیہ کی شفافیت پر موجود سوالیہ نشان ختم ہو اور عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال ہو، غلط طریقے سے کیے گئے اقدامات واپس لوٹیں گے۔آج انہوں نے خود بتا دیا ہے کہ یہ ویڈیو سچی ہے اور اگر یہ ویڈیو سچی ہے تو میاں صاحب کی بے گناہی بھی سچ ہے اور بے گناہ ہونے کے باوجود وہ جیل میں قید ہیں تو یہ اپنی نوعیت کا واحد کیس ہے کہ تین دفعہ کا وزیراعظم پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ بے گناہی ثابت ہونے کے باوجود قید ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کل ان کی فیصل آباد میںریلی ہے لیکن انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی ہے ۔ کل انہوں نے پورا اسلام آباد بند کیا ہوا تھا جیسے انڈیا نے حملہ کر دیا ہو ، کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ۔ کل فیصل آباد ضرور جاﺅں گی، ریلی ہر صورت میں ہو گی ۔ فیصل آباد کی عوام جو زیادہ تر تاجر حضرات ہیں میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر جا رہی ہوں اگر فرسٹ لیڈر شپ کو گرفتار کیا تو سیکنڈ آئے گی ان کو کیا تو عوام گھروں سے نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو نا اہل حکومت کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے، یہ جتنی مرضی گرفتاریاں کرلیں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ جو کام بھی سازش یا غلط طریقے سے ہوا ہے ، چاہے چیئرمین سینیٹ ہو یا کوئی بھی ، وہ ریورس ہونا ہی ہونا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا یہ بات درست ہے کہ ادھر ادھر سے میسجز ملتے ہیں لیکن ان پیغامات کا آپ کس طرح جواب دیتے ہیں وہ آپ کی صوابدید پر ہے ۔ ڈیل کے لوازمات کو عمران خان جیسا سلیکٹڈ تو پورا کر سکتا ہے لیکن میاں صاحب ، مریم نواز اور مسلم لیگ ن جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپ سکتے۔

install suchtv android app on google app store