کویت کی قیادت نے کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کیا: وزیر خارجہ شاہ محمود

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کویت میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں فائل فوٹو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کویت میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

پاکستان اور کویت نے دوطرفہ تعلقات کو جامع اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویت میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتفاق رائے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح اور دوسرے سینئر کویتی رہنماؤں سے ان کی ملاقاتوں کے دوران طے پایا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے ویزہ پابندیوں کے بارے میں کویت میں مقیم پاکستانی برادری کے مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفیر اس مسئلے کو جلد حل کرانے کے لئے کویت کے حکام سے ملاقات کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ کویت نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر علاقائی اور عالمی فورموں پر پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کویت کی قیادت نے کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

ادھروزیر خارجہ نے کویت میں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ملک کواپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کویت میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے کویت کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کی بھرپور حمایت کررہا ہے کیونکہ یہ خطے میں ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی قربانیاں دی ہیں جس کا عالمی برادری نے اعتراف کیا ہے اور سراہا ہے۔

install suchtv android app on google app store