ندیم افضل چن وزیراعظم عمران خان کے ترجمان مقرر

 ندیم افضل چن فائل فوٹو ندیم افضل چن

وزیر اعظم عمران خان نے امریکی ترجمان میڈیا ٹیم کو بحال کرتے ہوئے اہم اثرو رسوخ کی حامل معروف سیاسی شخصیت ندیم افضل چن کو اپنا سرکاری ترجمان تعینات کردیا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ’ وزیر اعظم ندیم افضل چن کو اپنا ترجمان مقرر کرنے پر مسرت محسوس کررہے ہیں جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور مزید کسی فیصلے تک ان کی اعزازی حیثیت برقرار رہے گی‘۔

سیاسی حلقوں کے لیے ندیم افضل چن کی اتنی اہم تعیناتی باعث حیرت ہے کیوں کہ ندیم افضل چن کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کیے ہوئے کچھ زیادہ عرصہ نہیں ہوا جبکہ پارٹی کے متعدد سینئر رہنما اس عہدے پر تعینات ہوسکتے تھے لیکن انہیں نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ ندیم افضل چن کی تقرری سے قبل وزیراعظم عمران خان کی میڈیا ٹیم میں وزیر مملکت کی حیثیت رکھنے والے معاون خصوصی برائے ذرائع ابلاغ افتخار درانی، معاونِ خصوصی برائے امورِ ذرائع ابلاغ یوسف بیگ مرزا، وزیراعظم سرکاری میڈیا سیل کے ڈپٹی سیکریٹری محمد سرفراز اور سربراہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری شامل ہیں جو حکومتی ترجمان بھی ہیں۔

ان تمام عہدیداران کے باوجود وزیر اعظم عمران خان زیادہ تر بیان جاری کرنے کے لیے ان کا سہارا نہیں لیتے بلکہ متعدد مرتبہ اپنے خیالات کا براہِ راست اظہار ٹوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے کرتے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ندیم افضل چن وزیراعظم کے اعزازی ترجمان کی حیثیت سے کام کریں گے جس کے لیے انہیں تنخواہ اور مراعات نہیں دی جائیں گی۔

خیال رہے کہ ندیم افضل چن نے گزشتہ برس جون میں انتخابات سے کچھ عرصہ قبل ہی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اس سے قبل وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما تصور کیے جاتے تھے اور میڈیا میں پی پی پی کے دفاع کے لیے خاصے متحرک رہتے تھے۔

اس کے علاوہ وہ اپریل 2012 سے مارچ 2013 تک قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

ان کا سیاسی سفر 2001 میں ملکوال کے تحصیل ناظم کی حیثیت سے شروع ہوا اور 2008 کے عام انتخابات میں سرگودھا سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

اکتوبر 2017 میں انہوں نے پی پی پی پنجاب کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے استعفیٰ دیا اور بعدازاں اپریل 2018 میں پارٹی کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

install suchtv android app on google app store