دھرنا 2014: لاہور ہائیکورٹ میں عمران اور طاہر القادری کیخلاف فل بینچ تشکیل

دھرنا 2014: لاہور ہائیکورٹ میں عمران اور طاہر القادری کیخلاف فل بینچ تشکیل فائل فوٹو دھرنا 2014: لاہور ہائیکورٹ میں عمران اور طاہر القادری کیخلاف فل بینچ تشکیل

لاہور ہائیکورٹ نے 2014 کے دھرنے پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا۔

2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و موجودہ وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف درخواستیں درخواست گزار اے کے ڈوگر سمیت دیگر نے دائر کیں تھیں۔

درخواستوں میں عوامی تحریک، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے جب کہ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان اور طاہر القادری نے لاہور سے اسلام آباد کی طرف دھرنا دیا۔

درخواست گزار کے مطابق دونوں رہنماؤں نے طویل دھرنا دے کر توہین عدالت کی لہٰذا عدالت عمران خان اور طاہر القادری کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

بینچ کے رکن جسٹس کاظم رضا شمسی کے ریٹائر ہونے کی وجہ سے فل بینچ تحلیل ہوگیا تھا لیکن اب ایک بار پھر لاہور ہائیکورٹ نے فل بینچ تشکیل دیا ہے۔

جسٹس انوارالحق کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ درخواستوں پر سماعت کرے گا جب کہ بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس عاطر محمود شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے 2014 میں ن لیگ کی حکومت کے خلاف لاہور سے مارچ شروع کیا تھا اور وفاقی دارلحکومت میں کئی روز تک دھرنا دیا تھا۔

install suchtv android app on google app store