کراچی کے بجلی بحران میں سب سے زیادہ قصور کے الیکٹرک کا ہے: شہباز شریف

شہباز شریف شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی کے بجلی بحران میں سب سے زیادہ قصور کے الیکٹرک کا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (بہادر آباد) کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال اور شہر کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بجلی بحران میں سب سے زیادہ قصور کے الیکٹرک کا ہے کیوں کہ 2 پلانٹ طویل عرصے سے بند رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2011 میں سی سی آئی میں فیصلہ ہوا تھا کہ کے الیکٹرک دو پلانٹ چلائے گی جس سے شہر کو 500 میگا واٹ بجلی ملے گی لیکن کے الیکٹرک واپڈا سے سستی بجلی لیتی رہی تاکہ خود بجلی نہ بنانا پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو پلانٹس چلانے کا پابند بنانا ہے جب کہ کل وزیر اعظم خود یہاں آئیں گے، رمضان میں شہر کو بلا تاخیر بجلی ملنی چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی گیٹ وے آف پاکستان ہے، عروس البلاد شہر پر کھربوں روپے لگے وہ کہاں گئے؟

انہوں نے کہا کہ 2013 میں نوازشریف نے فیصلہ کیا کہ کراچی کی روشنیاں بحال کی جائیں، رینجرز نے آزادی سے آپریشن کیا جس سے آج کراچی کا امن واپس لوٹ آیا ہے اور 80 فیصد بھتا خوری ختم ہوگئی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے ملاقات صرف فوٹو سیشن نہیں تھا بلکہ ہم نے شہر کے مسائل سے آگاہ کیا ہے اور اپنے دکھ درد بیان کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی صوبائی حکومت نے شہری علاقوں کے ساتھ جو کیا ہے سب کے سامنے ہے جب کہ ہم نے ملاقات میں یہ بھی بتایا کہ اس شہر کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جاتا ہے لیکن ڈھائی سے 3 کروڑ آبادی والے شہر کی آبادی کو دانستہ طور پر کم دکھایا گیا ہے۔

اس سے قبل شہباز شریف ایم کیو ایم (بہادر آباد) کے رہنما ؤں سے ملاقات کے لیے بہادر آباد پہنچے تھے جہاں کارکنوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

 

install suchtv android app on google app store